Annual Educational Visit of Psychology Students from Federal Urdu University to Sir Cowasji Jehangir Institute of Psychiatry

**شعبہ نفسیات، وفاقی اُردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کے طلبہ کا سر کوہا جی جہاںگیر انسٹیٹیوٹ آف سائیکائٹری کا سالانہ تعلیمی دورہ*

سر کوہا جی جہاںگیر انسٹیٹیوٹ آف سائیکائٹری، حیدرآباد میں 29 نومبر 2025 کو شعبہ نفسیات وفاقی اُردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کے بی ایس ششم اور ہشتم کے طلبہ کا سالانہ تعلیمی دورہ کامیابی سے منعقد ہوا۔ یہ دورہ شعبۂ نفسیات کی سربراہ ڈاکٹر عطیہ خاتون کی نگرانی اور مس سحرش (لیکچرار) کی بہترین تنظیمی کاوشوں کے تحت ترتیب دیا گیا، جبکہ دیگر اساتذہ کرام میں مس ہما نے بھی بھرپور شرکت کی۔

دورے کا بنیادی مقصد طلبہ کو ذہنی صحت کے ادارے کے عملی ماحول، مریضوں کی دیکھ بھال، وارڈ مینجمنٹ، ریہیب یونٹس اور تھیراپی سیشنز کے نظام سے آگاہ کرنا تھا۔ طلبہ نے مختلف وارڈز اور یونٹس کا معائنہ کیا جہاں ماہرین نے انہیں علاج، تشخیص اور ری ہیبلیٹیشن کے مراحل کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

اس موقع پر نثار احمد ساہو نے طلبہ سے خصوصی خطاب کیا اور ذہنی امراض سے منسلک اسٹگما کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے طلبہ کو ذہنی صحت کے فروغ، آگاہی مہمات، تحقیقی سرگرمیوں اور کمیونٹی ورک میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے ڈاکٹر عطیہ خاتون سے درخواست کی کہ دونوں اداروں کے درمیان ذہنی صحت سے متعلق مشترکہ پروگرامز اور تربیتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے۔

دورے کے دوران ڈاکٹر عطیہ خاتون اور نثار احمد ساہو کے درمیان طلبہ کے لیے مختلف ورچوئل کورسز، انٹرن شپ مواقع، ٹریننگ پروگرامز اور ڈپلومہ کورسزکے آغاز پر مثبت گفتگو بھی ہوئی۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایسے مواقع طلبہ کی عملی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت میں نمایاں اضافہ کرتے ہیں۔

دورے کے اختتام پر ڈاکٹر عطیہ خاتون نے سر کوہا جی جہاںگیر انسٹیٹیوٹ آف سائیکائٹری کے انتظامیہ اور اسٹاف کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے FUUAST کے طلبہ کو سالانہ دورے کے لیے بہترین سہولت فراہم کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے علمی اور تربیتی دورے جاری رہیں گے، جو طلبہ کی پیشہ ورانہ نشوونما میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 

 

0