شعبہ بین الاقوامی تعلقات، وفاقی اردو یونیورسٹی کے وفد نے صدر شعبہ ڈاکٹر اصغر علی دشتی کے ہمراہ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) کی دعوت پر ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ وفد میں شعبہ ہٰذا کے اساتذہ ڈاکٹر ممنون احمد خان، ڈاکٹر فیصل جاوید، ڈاکٹر وسیم الدین اور افشاں بروہی شامل تھیں۔ ہیڈ کوارٹر دورہ کے دوران وفد کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی کے کردار، افعال و وظائف پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کمانڈر فیصل صادق نے بریفنگ دی۔ انہوں نے بریفنگ کے دوران میری ٹائم سیکیورٹی اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ تحقیقی پروجیکٹس شروع کرنے کی ضرورت پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس حوالہ سے سیمینارز کے ساتھ ساتھ شعبہ کے اساتذہ و طلبہ کو اورماڑہ، پسنی اور گوادر سمیت دیگر جگہوں کے مطالعاتی دورے کی بھی پیشکش کی گئی اور کہا گیا کہ ایجنسی کی جانب سے دورہ کے تمام شرکاء کو ہر قسم کی ممکنہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ بریفنگ کے دوران اساتذہ نے ماحولیات، سمندری قوانین، سمندری حیات کے تحفظ اور ماہی گیروں کے مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی۔ صدر شعبہ نے اس موقع پر کہا کہ بہت جلد شعبہ کی جانب سے ایجنسی کے ساتھ ایک M.O.U سائن کیا جائے گا اور شعبہ میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالہ سے ایک کورس، ڈیزائن کرکے متعلقہ فورمز سے اس کی منظوری لے کر تدریس کی جائے گی۔ اس حوالہ سے رسمی کاغذی کارروائی اور دستاویزات کی تیاری کے لیے ڈاکٹر فیصل جاوید کو بطور فوکل پرسن نامزد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشن کمانڈر عبداللہ صدیقی، ڈائریکٹر ٹریننگ کمانڈر فاروق، ڈائریکٹر انٹیلیجنس کمانڈر سلمان اور میری ٹائم سیکیورٹی ریسرچ آفیسر لیفٹیننٹ تیمور بھی موجود تھے۔
ShareMAR